بنگلورو،29؍ستمبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) شہر کے نئے میئر سمپت راج نے برہت بنگلور مہانگر پالیکے کے سبھی افسران کو ہدایت دی ہے کہ جب تک شہر میں بارش کا سلسلہ تھم نہیں جاتا اس وقت تک انہیں چھٹی لئے بغیر 24گھنٹے کام کرنا ہوگا۔ آج صبح بی بی ایم پی اعلیٰ افسران کے ہمراہ شہر میں بارش کی تباہیوں سے متاثر علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کیلئے وہ چھٹی لئے بغیر کام کرتے رہیں۔ انہوں نے کورمنگلا ، ایچ ایس آر لے آؤٹ شانتی نگر اور دیگر علاقوں کا معائنہ کیا اور یہاں نشیبی علاقوں میں زیر آب مکانات سے متاثر ہونے والے لوگوں سے بات چیت کی اور جلد از جلد ان کی راحت رسانی کیلئے مناسب اقدامات کا تیقن دیا۔ میئر نے کہاکہ مسلسل بارش کی وجہ سے شہر کی بیشتر سڑکیں خستہ حال ہوچکی ہیں۔ بارش ختم ہوتے ہی جنگی پیمانے پر ان کی مرمت کرائی جائے گی۔ ساتھ ہی نالیوں میں گندگی بھرجانے کے سبب بارش کے پانی کی نکاسی میں خلل پیدا ہورہا ہے۔ان نالیوں کی صفائی کا کام بھی تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ شہر کی بیشتر سڑکوں میں نالیوں کی صفائی نہ ہونے کے سبب ٹریفک میں زبردست خلل پڑ رہاہے۔ اس موقع پر میئر نے شہریان بنگلور سے اپیل کی کہ تہواروں کے موقعوں پر جو گندگی سڑکوں کے کنارے یا فٹ پاتھوں پر ٹھکانے لگائی جاتی ہے وہ مناسب طریقے سے بی بی ایم پی کے کارکنوں کے حوالے کردی جائے اورجابجا گندگی کے ڈھیر نہ لگائے جائیں۔ انہوں نے ٹھیلہ تاجروں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی تجارت کے بعد جو بھی گندگی ہوتی ہے اسے ٹھیک طریقے سے ٹھکانے لگائیں اور بی بی ایم پی کے کارکنوں کے حوالے کریں ، اور ان کی طرف سے گندگی کو برداشت نہیں کیاجائے گا۔